آہ وہ مسکراتا چہرہ


میں ویگن پر حب سے بیلہ جارہا تھا۔ویگن نے جب اوتھل میں اسٹاپ کیا تو ایک وجہیہ دراز قد شخص گاڑی کے انتظار میں کھڑا تھا۔جو سفید کپڑے اور سیاہ واسکٹ پہنے ہوئے تھا۔اس کی بڑی بڑی خوبصورت آنکھوں سے ذہانت ٹپکتی ہوئی محسوس ہوتی تھی۔گاڑی میں نظر ڈالتے ہوئے اس نے کنڈیکٹر سے پوچھا سیٹ ملے گی؟ کنڈیکٹر نے کہا سر ڈنڈا سیٹ خالی ہے۔اسی دوران گاڑی میں موجود اس کے ایک  شاگرد نے کہا ،سر آپ میری سیٹ پر بیٹھیں ڈنڈا سیٹ پر میں بیٹھتاہوں۔لیکن اس نے  اپنے چہرے پر خوبصورت مسکراہٹ سجاتے ہوئے کہا نہیں یار میں ڈنڈا سیٹ کا عادی ہوں کیونکہ ہم اوتھل سے سوار ہونے والوں کے نصیب میں ڈنڈا سیٹ ہی ہوتی ہے۔ویسے بھی بیلہ کونسا دور ہے۔ آدھا گھنٹے کی تو مسافت ہے۔جب وہ گاڑی میں بیٹھنے لگے تو بڑی تکلیف سے بیٹھے کیونکہ ایک تو وہ کافی دراز قد تھے دوسرے ڈنڈا سیٹ نہایت تنگ اورتکلیف دہ ہوتی ہے۔جب سفر شروع ہوا تو پتہ نہیں چلا کہ بیلہ کیسے پہنچا۔ کیونکہ موصوف کافی دلچسپ انسان تھے اور مختلف موضوعات پر دوران سفر گفتگو کرتے رہے۔
آج جب مجھے سوشل میڈیا پر ماسٹر احمد خان ہمدم صاحب کی وفات کا علم ہوا تو وہ سفرمیری یاداشت کے پردہ اسکرین پر کسی فلم کی طرح چلنے لگا۔ مرحوم نے ملازمت کے دوران کافی عرصہ ایلمنٹری کالج اوتھل میں گذارا۔ وہ استادوں کے استاد تھے۔ نہایت خوش اخلاق انسان تھے۔انکساری ان کی فطرت میں کوٹ کوٹ کر بھری تھی۔ ان کی شخصیت کی سب سے خوبصورت صفت مسکراہٹ تھی۔جی ہاں ایک بے لوث اور پرخلوص مسکرہٹ ہر وقت اس کے چہرے پر ہوتی تھی۔ مرحوم نے کافی لوگوں کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے کی نہ صرف ترغیب دی بلکہ ان کی رہنمائی بھی کی ۔جس کے ثمرات سے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں بہت سے لوگ آج مستفید ہورہے ہیں۔ مرحوم نے صحافتی میدان میں بھی اپنی خدمات سر انجام دیں۔ان کا شمار لسبیلہ کے سینئر صحافیوں میں ہوتا تھا۔وہ اپنا موقف بلاخوف و تردد پیش کرتے تھے۔وہ اپنے مضامین اور کالموں کے زریعے عوام میں شعور و آگاہی لانے کی سعی کرتے رہے۔ مرحوم کی خدمات ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے۔آج کا دن اہل لسبیلہ کےلیے یوم سیاہ سے کم نہیں ۔اللہ پاک مرحوم کی مغفرت فرمائے۔ جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین۔

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

کلین پاکستان اور ہمارا معاشرہ

سال نو مبارک

والدین کے لیے بہترین مشورے Best suggestions for parents